نئے چارجز پراظہارتشویش ، گھروں،عمارتوں کی تعمیر مزید مہنگی ہونیکاامکان
لاہور (کرائم رپورٹر)لاہور میں واسا نے سیوریج سروسز کے چارجز میں بڑا اضافہ کر دیا۔ایک کنال کی سنگل سٹوری عمارت کیلئے چارجز 8 لاکھ 87 ہزار روپے مقرر کیے گئے ہیں۔کثیر المنزلہ عمارتوں پر اضافی فیس اور ہر اضافی منزل پر 10 فیصد چارجز لاگو ہونگے۔دستاویزات کے مطابق لاہور میں واسا نے سیوریج سروسز آگمینٹیشن چارجز میں بڑا اضافہ کر دیا ہے جس سے شہریوں اور تعمیرات کے کاروبار سے منسلک افراد پر نیا مالی بوجھ پڑنے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔واسا کی نئی پالیسی کے تحت ایک کنال کی سنگل سٹوری عمارت کیلئے چارجز 8 لاکھ 87 ہزار مقرر کیے گئے ہیں۔ڈبل سٹوری کیلئے یہ چارجز 9 لاکھ 37 ہزار 800 جبکہ تین منزلہ عمارت کیلئے 9 لاکھ 88 ہزار 600 روپے فیس لاگو ہوگی۔چار یا پانچ منزلہ عمارت کیلئے سیوریج سروسز کے چارجز 10 لاکھ 90 ہزارایک سو مقرر کیے گئے ہیں اور پانچ منزل سے زائد ہر اضافی منزل پر 10 فیصد اضافی چارجز وصول کیے جائینگے۔نوٹیفکیشن کے مطابق یہ نئے ریٹس 15 جولائی 2026 تک نافذ العمل رہیں گے۔مزید برآں ایم آر ایس آئٹمز کی قیمتیں بڑھنے پرسیوریج چارجز بھی خود بخود بڑھ جائینگے جس سے تعمیراتی لاگت میں غیر متوقع اضافہ ہو سکتا ہے۔ سروسز چارجز بڑھنے سے شہریوں اور بلڈرز نے تشویش کااظہار کیاہے کیونکہ پہلے ہی کنسٹرکشن انڈسٹری مشکلات کا شکار ہے اور نئے چارجز سے گھروں اور عمارتوں کی تعمیر مزید مہنگی ہو جائیگی۔ماہرین کا کہنا ہے کہ سیوریج سروسز کے نئے ریٹس شہریوں پر براہ راست اثر ڈالیں گے اور تعمیراتی شعبے میں مالی بوجھ بڑھائینگے۔واسا نے یہ نئے ریٹ ایل ڈی اے گورننگ باڈی کے فیصلے کی روشنی میں جاری کیے ہیں تاکہ شہر میں بہتر سیوریج انفراسٹرکچر فراہم کیا جا سکیمگر شہری حلقوں اور بلڈرز کیلئے یہ اضافی مالی چیلنج بن گیا ہے۔