شہباز شریف بیٹوں سلیمان اور قاسم خان کو اپنے والد سے ملنے کیلئے فوری طور پر ویزے جاری کئے جائیں: جمائما گولڈ سمتھ
اسلام آباد(بیورو رپورٹ ،مانیٹرنگ ڈیسک)عمران خان کی سابقہ اہلیہ جمائما گولڈ سمتھ نے وزیراعظم شہباز شریف سے انسانی بنیادوں پر براہِ راست اپیل کی ہے کہ ان کے بیٹوں سلیمان اور قاسم خان کو اپنے والد سے ملنے کیلئے فوری طور پر ویزے جاری کئے جائیں۔سوشل میڈیا پر جاری ایک بیان میں جمائما گولڈ سمتھ نے کہا کہ ان کے بیٹوں نے جنوری میں دوبارہ ویزا کی درخواستیں جمع کرائی تھیں لیکن 60 دن گزرنے کے باوجود تاحال کوئی پیش رفت نہیں ہوئی۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ پاکستانی قونصل خانے کے مطابق آن لائن ویزا کا عمل عام طور پر 7 سے 10 ورکنگ دنوں میں مکمل ہو جاتا ہے تاہم ان کے بیٹوں کے معاملے میں اس طے شدہ وقت کی سنگین خلاف ورزی کی جا رہی ہے۔جمائما نے وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف کی جانب سے بین الاقوامی میڈیا پر کئے گئے ان وعدوں کا حوالہ بھی دیا جن میں کہا گیا تھا کہ عمران خان کے صاحبزادے پاکستان آ کر اپنے والد سے بحفاظت ملاقات کر سکتے ہیں۔