موٹر سائیکلوں پر ایم ٹیگ ‘ طلباء کو ہراساں نہ کیا جائے:اسلام آباد ہائیکورٹ

 عوام کی حفاظت کو یقینی بنانا ضروری، مقصد کے لئے بعض اوقات مشکلات بھی پیش آتی ہیں
طلباء  کو اس معاملے میں ریلیف اور رعایت دی جائے :چیف جسٹس سرفراز ڈوگر کے ریمارکس 
اسلام آباد(آن لائن )اسلام آباد میں موٹر سائیکلوں پر ایم ٹیگ لگانے کے خلاف دائر درخواست پر اسلام آباد ہائی کورٹ نے انتظامیہ کو طلبہ کو ہراساں نہ کرنے کی ہدایت کر دی۔جبکہ چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے ریمارکس دیے ہیں  عوام کی حفاظت کو یقینی بنانا ضروری ہے اور اس مقصد کے لیے بعض اوقات مشکلات بھی پیش آتی ہیں۔ طلبہ کو اس معاملے میں ریلیف اور رعایت دی جائے اور انہیں ہراساں نہ کیا جائے۔انھوں نے یہ ریمارکس پیر کے روزدیے ہیں۔چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے کیس کی سماعت کی۔سماعت کے دوران اسٹیٹ کونسل عبد الرحمن انتظامیہ کی جانب سے جبکہ ڈی ایس پی لیگل ساجد چیمہ پولیس کی طرف سے عدالت میں پیش ہوئے۔ سماعت کے دوران چیف جسٹس نے اسٹیٹ کونسل سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ جب ہم سٹوڈنٹ تھے تو طلباء￿ کے لیے ریلیف اور رعایت ہوا کرتی تھی، انہوں نے استفسار کیا کہ موٹر سائیکلوں پر ایم ٹیگ کیوں لگایا جا رہا ہے۔اسٹیٹ کونسل عبد الرحمن نے عدالت کو بتایا کہ کچہری دھماکے کے بعد سیکیورٹی کا مسئلہ پیدا ہوا تھا۔ اس دھماکے میں 12 افراد شہید جبکہ 36 زخمی ہوئے تھے اور اس واقعے میں موٹر سائیکل استعمال کیا گیا تھا جو بائیکیا کے ذریعے وہاں پہنچا تھا۔اسٹیٹ کونسل نے مزید بتایا کہ اسی واقعے کو مدنظر رکھتے ہوئے سیکیورٹی کو فول پروف بنانے کے لیے انتظامیہ نے پالیسی بنائی کہ اسلام آباد میں داخل ہونے والی موٹر سائیکلوں پر ایم ٹیگ ہونا چاہیے۔اس موقع پر چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ عوام کی حفاظت کو یقینی بنانا ضروری ہے اور اس مقصد کے لیے بعض اوقات مشکلات بھی پیش آتی ہیں۔ تاہم انہوں نے ہدایت کی کہ طلبہ کو اس معاملے میں ریلیف اور رعایت دی جائے اور انہیں ہراساں نہ کیا جائے۔اسٹیٹ کونسل نے کہا کہ عدالتی ہدایات سے چیف کمشنر کو آگاہ کر دیا جائے گا۔