اسلا م آباد(آئی این پی ) اسلام آباد ہائیکورٹ نے موٹرویز اور اہم شاہراہوں پر ٹول ٹیکس میں اضافے، جرمانوں میں 50 فیصد اضافے اور ایم ٹیگ سے متعلق مقدمات یکجا کرتے ہوئے تمام کیسز کی سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کردی۔چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے جوڈیشل ایکٹیوازم پینل کی درخواست پر سماعت کی۔چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے ریمارکس دئیے کہ ٹول ٹیکس کا تو معاملہ ہی ختم ہو گیا ہے، اب تو وہ بڑھ گیا ہے، وکیل این ایچ اے نے بتایاکہ اسی نوعیت کا کیس دوسری عدالت میں زیر سماعت ہے، چیف جسٹس نے استفسارکیاکہ این ایچ اے کیسے اپنے طور پر اضافہ کر سکتی ہے؟۔ چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے کہاکہ ٹول ٹیکس کہاں تک پہنچ گیا ہے، گیارہ سو سے بھی اوپر لے گئے،وکیل این ایچ اے نے بتایاکہ چار سال تک ٹول ٹیکس نہیں بڑھایا گیا، اس پر عدالت کی معاونت کریں گے۔ عدالت نے این ایچ اے وکیل کو ہدایت کی کہ اپنے جواب کو فائل بنا کر دیں تاکہ آن لائن کیا جا سکے،وکیل این ایچ اے نے کہاکہ دوسرے ایسے ہی کیس میں ایم ٹیگ پر حکم امتناع ہے، اب کوئی ایم ٹیگ نہیں لگوا رہا، دوسرا کیس جسٹس ارباب محمد طاہر کی عدالت میں لگا ہوا ہے۔ چیف جسٹس سرفراز ڈوگرنے کہاکہ وہ کیس بھی منگوا لیتے ہیں اور دیگر مقدمات کو بھی،تمام کیسز یکجا کر کے آئندہ ہفتے سماعت کریں گے،عدالت نے تمام کیسز یکجا کرتے ہوئے سماعت آئندہ ہفتے کیلئے ملتوی کر دی۔