اسلام آباد میں ایم ٹیگ کے بغیر گاڑیوں کا داخلہ مکمل بند

 ٹیگ ریڈرز فعال، ناکوں پر بغیر ایم ٹیگ گاڑیوں کی خودکار نشاندہی ہوگی 
اسلام آباد (بیورو رپورٹ،مانیٹرنگ ڈیسک ) یکم جنوری 2026 سے وفاقی دارالحکومت میں بغیر 'ایم ٹیگ' والی گاڑیوں کا داخلہ مکمل طور پر بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے، وفاقی وزیر داخلہ کے احکامات پر عملدرآمد کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ نے بغیر ایم ٹیگ گاڑیوں کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت سیف سٹی ہیڈ کوارٹرز میں اجلاس ہوا جس میں شہریوں کے جان ومال کے تحفظ کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔وزیرداخلہ محسن نقوی نے کیپٹل سمارٹ سٹی پر کام تیز کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ یکم جنوری سے اسلام آباد میں بغیر ایم ٹیگ گاڑیوں کے داخلے پر پابندی ہوگی۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد پاکستان کا پہلا سمارٹ سٹی بنے گا، وزیر داخلہ نے اسلام آباد سیف سٹی کو کیپٹل سمارٹ سٹی بنانے کا جامع پلان طلب کر لیا۔وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت طلال چودھری نے سیف سٹی ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا اس موقع پر محسن نقوی نے ڈیجیٹل وال پر اسلام آباد شہر کی مانیٹرنگ کے نظام کا جائزہ لیا۔علاوہ ازیں ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان میمن نے بتایا کہ یکم جنوری سے شہر میں نصب 'ٹیگ ریڈرز' فعال ہوتے ہی تمام داخلی مقامات اور ناکہ جات پر بغیر ایم ٹیگ گاڑیوں کی خودکار نشاندہی شروع ہو جائے گی اور ان کے خلاف فوری قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ کسی بھی قانونی پیچیدگی اور سہولت سے بچنے کے لیے فوری طور پر اپنی گاڑیوں کے لیے ایم ٹیگ حاصل کریں۔ یہ عمل تیز اور آسان بنانے کے لیے شہر بھر میں مختلف مقامات پر کل 16 ایم ٹیگ پوائنٹس قائم کیے گئے ہیں اور تمام پوائنٹس پر عملہ اور پراسیسنگ کی رفتار بڑھانے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ڈپٹی کمشنر کے مطابق 14 نومبر سے اب تک شہر میں مجموعی طور پر تقریباً ایک لاکھ گاڑیوں کو ایم ٹیگ جاری کیے جا چکے ہیں تاہم اب بھی بڑی تعداد میں گاڑیاں اس جدید نظام سے منسلک نہیں ہوئی۔عرفان میمن نے تمام شہریوں سے اپیل کی کہ وہ یکم جنوری کی آخری تاریخ سے پہلے ہی اپنی گاڑیوں کے لیے ایم ٹیگ حاصل کر لیں۔