لاہور شہر میں اسلحہ کی نوک پر کار چھیننے اور چوری کی وارداتوں کا سلسلہ بدستور جاری ہے، جہاں مختلف علاقوں سے چور 41 گاڑیاں چرانے میں کامیاب ہوئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق، رواں سال کے پہلے دو ماہ کے دوران گن پوائنٹ پر 3 کاریں چھینی گئیں، جن میں صدر ڈویژن سے 2 اور ماڈل ٹاؤن ڈویژن سے ایک کار اسلحہ کی نوک پر چھینی گئی۔ پولیس ریکارڈ کے مطابق، کار چوری کی وارداتوں میں ماڈل ٹاؤن ڈویژن 20 مقدمات کے ساتھ سر فہرست رہا۔کینٹ اور سول لائنز ڈویژن سے 6، 6 کاریں چوری ہوئیں، صدر ڈویژن میں کار چوری کے 4، سٹی ڈویژن میں 3 مقدمات درج کیے گئے۔ پولیس کے مطابق، دو ماہ کے دوران اقبال ٹاؤن ڈویژن میں کار چوری کی 2 وارداتیں رپورٹ ہوئیں۔یہ وارداتیں لاہور میں بڑھتی ہوئی جرائم کی سطح کو ظاہر کرتی ہیں، اور پولیس کی جانب سے ان واقعات کی روک تھام کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔