لاہور میں خواتین سے پرس چھیننے والے 2 ملزمان گرفتار

لاہور میں خواتین سے پرس چھیننے والے 2 ملزمان گرفتار

لاہور میں اسٹریٹ کرائم کے خلاف پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے راہ چلتی خواتین کو لوٹنے میں ملوث دو مبینہ ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

 ملزمان گلی محلوں میں خواتین کو نشانہ بناتے اور ان سے پرس، نقدی اور دیگر قیمتی اشیا چھین کر موقع سے فرار ہو جاتے تھے۔ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت علی اقرار اور افتخار کے نام سے ہوئی ہے۔ دونوں ملزمان کو ساندہ پولیس نے جدید تفتیشی طریقہ کار اور نجی سی سی ٹی وی کیمروں کی درجنوں فوٹیجز کا باریک بینی سے جائزہ لینے کے بعد گرفتار کیا۔پولیس حکام کے مطابق ملزمان مختلف علاقوں میں راہ چلتی خواتین کی ریکی کرتے اور موقع ملتے ہی ان کے پرس اور دیگر قیمتی سامان چھین کر فرار ہو جاتے تھے۔ ملزمان کی گرفتاری کے لیے پولیس نے مختلف مقامات پر نصب نجی سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیجز حاصل کیں، جن کی مدد سے ان کی نقل و حرکت کا سراغ لگایا گیا۔

کارروائی کے دوران پولیس نے گرفتار ملزمان کے قبضے سے وارداتوں میں مبینہ طور پر استعمال ہونے والا موٹرسائیکل، ایک پستول اور گولیاں بھی برآمد کرلی ہیں۔ پولیس کے مطابق ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے تاکہ ان کی دیگر وارداتوں اور ممکنہ ساتھیوں کے حوالے سے معلومات حاصل کی جاسکیں۔اس موقع پر ڈی آئی جی آپریشنز نے کہا کہ خواتین معاشرے کا اہم ستون ہیں اور ان کے جان و مال کا تحفظ لاہور پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ خواتین کو ہراساں کرنے، انہیں لوٹنے یا کمزور سمجھ کر جرائم کا نشانہ بنانے والے عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔

انہوں نے مزید واضح کیا کہ خواتین اور بچوں کو نشانہ بنانے والے جرائم پیشہ افراد کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور شہریوں کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔