ایمباپے کا تاریخی کارنامہ، فرانس کے لیے سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی بن گئے

ایمباپے کا تاریخی کارنامہ، فرانس کے لیے سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی بن گئے

فرانس کے اسٹار فٹبالر کائلین ایمباپے  نے ایک اور تاریخی اعزاز اپنے نام کر لیا ہے اور قومی ٹیم کی تاریخ میں سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی بن گئے ہیں۔

فیفا ورلڈ کپ 2026 کے افتتاحی میچ میں سینیگال کے خلاف شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے ایمباپے نے دو گول اسکور کیے اور اپنی ٹیم کو 1-3 سے فتح دلائی۔ اس کارکردگی کے ساتھ انہوں نے سابق ریکارڈ ہولڈر اولیور جیرود کو پیچھے چھوڑ دیا۔میچ کے پہلے ہاف میں سینیگال نے بھرپور مزاحمت کی اور فرانسیسی دفاع پر دباؤ برقرار رکھا۔ نکولس جیکسن کا ایک خطرناک شاٹ پوسٹ سے ٹکرا گیا جبکہ اسماعیلا سار نے بھی ایک اہم موقع ضائع کیا۔دوسرے ہاف میں فرانس نے جارحانہ کھیل پیش کیا۔ بریڈلی بارکولا نے پہلا گول کر کے ٹیم کو برتری دلائی، جس کے بعد ایمباپے نے کم زاویے سے شاندار گول کر کے اس برتری کو دوگنا کر دیا۔

سینیگال کی جانب سے ابراہیم مبائے نے ایک گول کر کے مقابلے میں واپسی کی کوشش کی، تاہم اضافی وقت میں ایمباپے نے دور سے ایک شاندار شاٹ لگا کر میچ کا فیصلہ کر دیا۔اس ڈبل اسکور کے بعد ایمباپے کے فرانس کے لیے مجموعی گولز کی تعداد 58 ہو گئی ہے، اور وہ اب قومی ٹیم کی تاریخ کے سب سے زیادہ گول اسکور کرنے والے کھلاڑی بن چکے ہیں۔