یوم عاشور کی تعطیلات، سرکاری ملازمیں چار چھٹیاں منائیں گے

 ملازمین کو جمعرات، جمعہ، ہفتہ اور اتوار سمیت مسلسل 4 دن کی طویل تعطیلات میسر آئیں گی
 اسلام آباد(آئی این پی )ملک  بھر میں نئے اسلامی سال 1448 ہجری کے آغاز اور محرم الحرام کا چاند نظر نہ آنے کے بعد یومِ عاشور کی تاریخوں کا حتمی اعلان کر دیا گیا ۔ ملک بھر میں مجالس اور جلوسوں کی تیاریاں شروع ہو گئیں جبکہ  سرکاری ملازمین کو اس بار محرم الحرام کے موقع پر مسلسل 4 روزہ تعطیلات ملیں گی ۔تفصیل کے مطابق وفاقی دارالحکومت سمیت ملک بھر میں محرم الحرام کا چاند نظر نہ آنے کے باعث اب نئے اسلامی سال کا باقاعدہ آغاز آج  17 جون سے ہو رہا ہے، مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی کے فیصلے کے بعد وزارتِ داخلہ اور صوبائی حکومتوں نے محرم الحرام کے دوران امن و امان قائم رکھنے اور جلوسوں کی سکیورٹی مانیٹر کرنے کیلئے  ہنگامی اقدامات  کئے جارہے ہیں۔  9 محرم الحرام کا دن 25 جون بروز جمعرات کو آئے گا، اور یومِ عاشور 26 جون بروز جمعہ کو انتہائی عقیدت و احترام سے منایا جائے گا۔فاقی حکومت کی جانب سے ہر سال 9 اور 10 محرم الحرام کو ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان کیا جاتا ہے تاکہ جلوسوں کے دوران سکیورٹی اور انتظامی امور کو بہتر بنایا جا سکے، اس بار 9 محرم کو جمعرات اور 10 محرم پر جمعہ کو سرکاری چھٹی ہوگی، عاشور کی ان دو سرکاری چھٹیوں کے فورا بعد ہفتہ اور اتوار کی ہفتہ وار چھٹیاں آ رہی ہیں، اس طرح ملازمین کو جمعرات، جمعہ، ہفتہ اور اتوار سمیت مسلسل 4 دن کی طویل تعطیلات میسر آئیں گی۔  وفاقی حکومت کی جانب سے چھٹیوں کا باقاعدہ آفیشل نوٹیفکیشن  جاری کیا جائے گا۔