گلگت بلتستان الیکشن میں شکست پر فیصل واوڈا کالیگی قیادت پر طنز

آپ کی وفاقی حکومت ہوتے ہوئے الیکشن ہوئے، گھوڑا بھی آپ کا، میدان بھی آپ کا تھا
 گدھا بھی آپ کا، کوچ بھی آپ کا، ہر ریس میں اکیلے کھڑے ہوں پھر بھی ہار جائیں تو میرا قصور ہے؟ 
اسلام آباد(آئی این پی)سابق وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے گلگت بلتستان الیکشن میں حکمران جماعت مسلم لیگ ن کی شکست پر لیگی پارٹی قیادت کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔ مختلف ٹی وی پروگرامز میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے طنزیہ لہجے میں کہا کہ وفاقی حکومت ہوتے ہوئے الیکشن ہوئے گھوڑا بھی آپ کا، میدان بھی آپ کا، گدھا بھی آپ کا، گھاس بھی آپ کا، مٹی بھی آپ کی، کوچ بھی آپ کا، سگنل فری، ڈنڈا فری، سپیڈ بریکر فری، آپ پھر بھی ہار جائیں، آپ ہر ریس میں اکیلے کھڑے ہوں اور پھر بھی ہار جائیں تو میرا قصور ہے؟۔انہوں نے   کہا ہے  ایک صوبے کی وزیراعلی وزیراعظم بننا چاہتی ہے، دوسرے صوبے کا وزیراعلی دوسری پارٹی کے ٹکٹ پر آنا چاہتا ہے، تیسرے صوبے کا پرانا وزیراعلی نئے کو نکالنے کے چکر میں ہے، ایک وزیراعلی جو کافی عرصے سے چل رہا ہے اس کوہٹانے کیلئے ایک اور بندہ اپنے آپ کو پیش کررہا ہے، ان کو یہ اندازہ نہیں ہورہا کہ ان سب کی کرپشن کی داستانیں ہیں، ان سب کی کرپشن کے اسکینڈلز آنے ہیں، ان کے ذاتی ویڈیوز کے اسکینڈلز بھی آنے ہیں، یہ اسکینڈلز صرف پاکستان کی حد تک نہیں آنے بلکہ کچھ انٹرنیشنل اسکینڈلز بھی آنے ہیں، اور کچھ سمجھتے ہیں ہم بہت تگڑی لابی کا حصہ ہیں، وہ تگڑی لابی بھی نہ مانی جائے گی۔