لاہور: خطرناک ڈکیت گینگ کے سرغنہ سمیت 2 ملزمان پولیس مقابلے میں ہلاک

لاہور: خطرناک ڈکیت گینگ کے سرغنہ سمیت 2 ملزمان پولیس مقابلے میں ہلاک

لاہور کے علاقے شاہدرہ ٹاؤن میں پولیس اور ڈکیتوں کے درمیان مقابلے میں خطرناک ڈکیت گینگ کے سرغنہ سمیت دو ملزمان ہلاک ہو گئے۔

ڈی ایس پی اے وی ایل ایس اقبال ٹاؤن قمر ساجد کے مطابق اے وی ایل ایس اقبال ٹاؤن کی ٹیم نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے شاہدرہ ٹاؤن کی حدود میں ناکہ لگا کر چیکنگ شروع کی۔ اس دوران ملزمان نے پولیس پارٹی کو دیکھتے ہی فائرنگ کر دی، جس کے جواب میں پولیس نے بھی بھرپور کارروائی کی۔پولیس کے مطابق مقابلے میں دو مطلوب ملزمان، وقاص اور زوہیب، موقع پر ہلاک ہو گئے۔

یہ دونوں ملزمان لاہور سمیت پنجاب بھر میں گاڑیاں چھیننے، چوری، ڈکیتی، نقب زنی سمیت 100 سے زائد سنگین جرائم میں پولیس کو مطلوب تھے۔پولیس کا کہنا ہے کہ ہلاک ملزمان کے دیگر ساتھی فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہو گئے، جن کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔