مہنگائی میں حالیہ کمی، کرنٹ اکاؤنٹ میں بہتری اور زرِمبادلہ کے ذخائر کے استحکام کے باعث شرح سود میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی
کراچی (آن لائن) اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے مانیٹری پالیسی کا اعلان کرتے ہوئے شرح سود 11 فیصد پر برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔مرکزی بینک کے مطابق مہنگائی میں حالیہ کمی، کرنٹ اکاؤنٹ میں بہتری اور زرِمبادلہ کے ذخائر کے استحکام کے باعث شرح سود میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔اسٹیٹ بینک کے مطابق حالیہ معاشی اعداد و شمار اشارہ دے رہے ہیں مہنگائی میں رفتہ رفتہ کمی آ رہی ہے اور رواں مالی سال کے اختتام تک مہنگائی کی شرح مزید کم ہونے کا امکان ہے۔شرح سود کو موجودہ سطح پر برقرار رکھنے کے فیصلے کو کاروباری طبقے اور سرمایہ کاروں نے محتاط اور متوازن قرار دیا ہے، تاہم بعض ماہرین توقع کر رہے تھے کہ شرح سود میں معمولی کمی کی جائے گی تاکہ معاشی سرگرمیوں کو مزید تقویت دی جا سکے۔ماہرین معاشیات کا کہنا ہے کہ اگر مہنگائی میں کمی اور مالیاتی استحکام کا رجحان برقرار رہا، تو آئندہ پالیسی اجلاسوں میں شرح سود میں مزید کمی کا امکان موجود ہے۔