مانیٹری پالیسی سٹیٹ بینک کا شرح سود 11.50 فیصد پر برقرار رکھنے کا فیصلہ

موجودہ معاشی صورتحال اور عالمی منڈیوں میں غیر یقینی حالات کے پیش نظر شرح سود میں  تبدیلی نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا: مانیٹری پالیسی کمیٹی
کراچی(آئی این پی )اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے  آئندہ ڈیڑھ ماہ  کے لئے پالیسی ریٹ 11.50 فیصد کی سطح پر برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ سٹیٹ بینک نے شرحِ سود میں کوئی تبدیلی نہ کرنے کا باقاعدہ اعلان اپنی آفیشل ویب سائٹ پر جاری کیا۔   مانیٹری پالیسی کمیٹی  پیرکو منعقدہ  میٹنگ میں پالیسی ریٹ برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔سٹیٹ بینک  کی مانیٹری پالیسی کمیٹی  کا  کہنا ہے  موجودہ معاشی صورتحال اور عالمی منڈیوں میں غیر یقینی حالات کے پیش نظر شرح سود میں کوئی تبدیلی نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔مانیٹری پالیسی کمیٹی نے اپنے جائزے میں ملکی معاشی اشاریوں، مہنگائی کے رجحانات اور بیرونی عوامل کا تفصیلی جائزہ لیا۔ کمیٹی کے مطابق مشرق وسطی میں قیامِ امن کی قوی امیدوں کے باوجود محتاط طرز عمل اختیار کرنا ضروری سمجھا گیا، کیونکہ عالمی سطح پر خام تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھا افراط زر پر اثرانداز ہوسکتا ہے۔