سپین کا کھلاڑی لامین یامال2007میں6ماہ کا تھا جب خیراتی مہم میں نوجوان میسی نے انہیں پلاسٹک کے ٹب میں نہلاتے ہوئے تصاویر بنوائیں
لاہور(سپورٹس ڈیسک)لیونل میسی اور سپین کے نوجوان اسٹار لامین یامال کی تقریباً دو دہائیوں پرانی تصاویر ایک بار پھر سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہیں۔یہ تصاویر 2007 میں اس وقت لی گئی تھیں جب چھ ماہ کے لامین یامال نے خیراتی مہم کے تحت ایف سی بارسلونا کے ایک فوٹو شوٹ میں شرکت کی تھی جہاں نوجوان میسی نے انہیں پلاسٹک کے ٹب میں نہلاتے ہوئے تصاویر بنوائیں۔یہ فوٹو شوٹ یونیسیف، بارسلونا کے مقامی اخبار اور ایف سی بارسلونا کی مشترکہ فلاحی مہم کا حصہ تھا۔حیران کن طور پر اس فوٹو شوٹ کے لیے لامین یامال کا انتخاب قرعہ اندازی کے ذریعے ہوا تھا جبکہ ان کی والدہ بھی ان تصاویر میں موجود تھیں۔اب 19 سال بعد یہی بچہ عالمی فٹبال کا ابھرتا ہوا ستارہ بن چکا ہے جبکہ میسی کو تاریخ کے عظیم ترین کھلاڑیوں میں شمار کیا جاتا ہے جس کے باعث یہ تصاویر شائقین کے لیے مزید دلچسپی کا باعث بن گئی ہیں۔اتوار کو فیفا ورلڈکپ کے فائنل میں ارجنٹائن اور اسپین کے درمیان بڑے مقابلے میں لیونل میسی اور لامین یامال ایک دوسرے کے مدمقابل ہوں گے۔