امریکہ ایران دوبارہ کشیدگی پرتشویش ہے،پاکستان فریقین پرضبط وتحمل کامظاہرہ کرنے کیلئے زوردیتاہے:ترجمان کی ہفتہ وار پریس بریفنگ
اسلام آباد (آئی این پی)پاکستان نے امریکا اور ایران کے درمیان امن کوششوں سے دستبردار ہونے کے تاثر کو مسترد کر دیا‘ترجمان دفترخارجہ طاہراندارابی نے کہا ہے کہ بھارت پاکستان سمیت دیگر ممالک میں دہشت گردی اور تخریب کاری کی سرپرستی کر رہا ہے،عالمی برادری پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی بھارتی کوششوں کا نوٹس لے۔ جمعرات کو ہفتہ وار بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان امریکا اور ایران کے درمیان دوبارہ بڑھتی ہوئی کشیدگی پر گہری تشویش رکھتا ہے اور تمام فریقین پر زور دیتا ہے کہ وہ ضبط و تحمل کا مظاہرہ کریں۔ پاکستان کے نزدیک تمام تنازعات کا واحد حل مذاکرات اور سفارت کاری میں مضمر ہے جبکہ مشرقِ وسطی میں کسی بھی نئی کشیدگی کو روکنے کے لیے سفارتی کوششیں تیز کرنے کی ضرورت ہے۔ہفتہ وار بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان علاقائی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور آبنائے ہرمز میں غیر معمولی صورتحال پورے خطے کو متاثر کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امید ہے تمام فریق تنازعات کے پرامن حل کے اپنے عزم پر قائم رہیں گے کیونکہ تنازع کسی بھی فریق کے مفاد میں نہیں۔ عالمی برادری خطے میں مستقل امن کے لیے اپنا تعمیری کردار ادا کرے۔