پہلے مرحلے میں 1100الیکٹرک گاڑیاں بلاسود آسان اقساط پر فراہم کی جائیں گی، مقصد صاف ستھری اور ماحول دوست ٹرانسپورٹ کو فروغ دینا ہے، وزیر ٹرانسپورٹ
لاہور(خصوصی رپورٹ )پنجاب میں پہلی ای ٹیکسی سروس شروع کرنے کا منصوبہ تیار کرلیا گیا جس کا مقصد عوام کو ماحول دوست، سستی اور جدید ٹرانسپورٹ فراہم کرنا ہے۔وزیر ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ بلال اکبر خان کی زیر صدارت سٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں ٹرانسپورٹ، پیکا، نیسپاک، ایکسائز اینڈ ٹیکسٹیشن اور بینک آف پنجاب سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں ای ٹیکسی منصوبے کی پیشرفت پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔حکام نے مختلف الیکٹرک گاڑیوں، ان کی قیمتوں اور تکنیکی معاملات کا جائزہ لیا۔ اس منصوبے میں چارجنگ سٹیشنز کی فراہمی اور دیگر اہم امور پر بھی گفتگو کی گئی تاکہ ای ٹیکسی سروس کی کامیاب آغاز اور چلانے کے لئے تمام ضروری اقدامات کیے جا سکیں۔وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان نے کہا کہ ای ٹیکسی منصوبے کا مقصد پنجاب میں صاف ستھری اور ماحول دوست ٹرانسپورٹ کو فروغ دینا ہے۔ پہلے مرحلے میں 1100الیکٹرک گاڑیاں بلاسود آسان اقساط پر فراہم کی جائیں گی، تاکہ لوگوں کو سستی اور جدید ٹرانسپورٹ سروس دستیاب ہو سکے۔ اس منصوبے سے نہ صرف روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے بل کہ عوام کو بہترین سفری سہولتیں بھی فراہم کی جائیں گی۔انہوں نے مزید کہا کہ ای ٹیکسی سکیم کیلئے بہت آسان شرائط رکھی جا رہی ہیں تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد اس سے استفادہ کر سکیں۔ ای ٹیکسی سکیم آئندہ چند ہفتوں میں باقاعدہ اشتہار کے ذریعے پیش کر دی جائے گی، جس میں لوگوں کو اس سکیم کے بارے میں مکمل معلومات فراہم کی جائیں گی۔اس منصوبے کے ذریعے پنجاب میں جدید پبلک ٹرانسپورٹ کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔ ای ٹیکسی سروس کے آغاز سے نہ صرف فضائی آلودگی میں کمی آئے گی، بل کہ ٹریفک کے مسائل میں بھی کمی کی توقع ہے۔