بیجنگ (آئی این پی )چین سے تعلق رکھنے والا شخص اپنی گرل فرینڈ سے بریک اپ کے بعد انتہائی افسردگی کی حالت میں پہاڑوں میں جابسا۔ غیرملکی میڈیا کے مطابق پولیس نے بتایاکہ یہ واقعہ اس وقت منظر عام پر آیا جب انہیں جنوب مشرقی چین کے صوبے کے شہر یوہانگ ڈسٹرکٹ سے ایک شخص کی کال موصول ہوئی جس نے بتایا کہ اس کا چھوٹا بھائی شیائولن تین دن سے لاپتا ہے۔اس کے بعد پولیس شیائولن کے فلیٹ پر پہنچی جہاں فلیٹ کو خالی اور فون کو بھی گھر میں ہی پایا، پولیس نے سی سی ٹی وی کی مدد سے شیائولن کو تلاش کرنے کی کوشش کی جس سے معلوم ہوا کہ وہ پیدل نکل کر دلانگ کے پہاڑی علاقوں کی جانب گیا ہے۔شیائولن کی تلاش کیلئے 100 سے زائد پولیس اہلکاروں کی مدد حاصل کی گئی جب کہ ڈرونز اور سراغ رساں کتوں سمیت ٹیکنالوجی کا استعمال بھی کیا گیا لیکن ناکامی کا سامنا رہا تاہم 26جون کو شیائولن کو کیمرے کی آنکھ میں پھٹے پرانے کپڑوں میں دیکھا گیا۔ شیائولن نے ریسکیو کے بعد پولیس کو بتایا کہ اس کا حال ہی میں بریک اپ ہوا تھا اور وہ اپنی گرل فرینڈ کو بھلانے کی کوشش کر رہا تھا اور اسی لیے پہاڑوں کی طرف اپنے دماغ کو پرسکون کرنے کیلئے نکل گیا تھا۔