عبد القادر بلوچ نے پاکستان پیپلز پارٹی کی بنیادی رکنیت سے بھی باضابطہ استعفیٰ دے دیا
دوستوں کی مشاورت سے فیصلہ کیا‘ نجی حیثیت میں ملک و قوم کی خدمت جاری رکھوں گا:عبدالقادر
کوئٹہ(آن لائن) پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما، سابق گورنر بلوچستان، سابق وفاقی وزیر اور سابق رکنِ قومی اسمبلی لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) عبد القادر بلوچ نے پارٹی کی بنیادی رکنیت سے باضابطہ استعفیٰ دے دیا ہے اور سیاست سے مکمل طور پر کنارہ کش ہونے کا اعلان کر دیا ہے۔عبد القادر بلوچ نے اپنے فیصلے کو باقاعدہ بیان کی صورت میں جاری کرتے ہوئے کہا کہ یہ فیصلہ انہوں نے طویل مشاورت اور اپنے قریبی سیاسی رفقا اور دوستوں سے تفصیلی غور و فکر کے بعد کیا ہے۔ ان کے بقول، اب وہ کسی بھی سیاسی جماعت یا سرگرمی سے وابستہ نہیں رہیں گے اور پارٹی سیاست میں مزید حصہ نہیں لیں گے۔انہوں نے اپنے سیاسی ساتھیوں کو یہ مشورہ دیا ہے کہ وہ پیپلز پارٹی کے پلیٹ فارم سے اپنی سرگرمیاں اور خدمات پہلے کی طرح جاری رکھیں۔ انہوں نے اپنے طویل سیاسی سفر میں ساتھ دینے والے تمام احباب، کارکنوں اور رفقا کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ بھی ادا کیا۔لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبد القادر بلوچ نے کہا کہ اگرچہ وہ باقاعدہ سیاست چھوڑ رہے ہیں، تاہم اپنی نجی حیثیت میں ملک و قوم کی خدمت جاری رکھیں گے۔