اسلام آباد (آن لائن) حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ممکنہ کمی کے باوجود عوام کو مکمل ریلیف نہ دینے کا انکشاف ہوا ہے، کیونکہ ترسیل، فریٹ اور دیگر مارجنز میں نمایاں اضافہ کر دیا گیا ہے۔ دستاویزات کے مطابق تیل کی ترسیل کا مارجن 3 روپے 95 پیسے اور فریٹ مارجن 2 روپے 9 پیسے سے بڑھا کر 6 روپے 4 پیسے فی لٹر کر دیا گیا ہے۔ اسی طرح، ہائی اسپیڈ ڈیزل پر ترسیلی مارجن 1 روپے 93 پیسے بڑھایا گیا ہے، جبکہ فریٹ مارجن 6 روپے 96 پیسے سے بڑھ کر 8 روپے 89 پیسے فی لٹر تک جا پہنچا ہے۔ اس اقدام سے صارفین کو قیمتوں میں کمی کا مکمل فائدہ نہیں پہنچ سکے گا۔ دستاویز کے مطابق پٹرول پر مجموعی طور پر عوام سے 103 روپے 42 پیسے فی لٹر ٹیکسز، ڈیوٹیز اور مارجنز کی مد میں وصول کیے جا رہے ہیں، جبکہ ڈیزل پر یہ رقم 97 روپے 56 پیسے فی لٹر ہے۔ پٹرول پر پٹرولیم لیوی 75 روپے 52 پیسے اور ڈیزل پر 74 روپے 51 پیسے فی لٹر لیوی عائد ہے، جبکہ دونوں مصنوعات پر کلائمیٹ سپورٹ لیوی 2 روپے 50 پیسے فی لٹر کے حساب سے وصول کی جا رہی ہے۔ ڈیلرز مارجن بھی عوام پر اضافی بوجھ کی صورت میں برقرار ہے