گوشوارے جمع نہ کرانے پر رکنیت معطل ہونے والوں میں مصدق ملک، خالد مقبول صدیقی، ارشد وہرا، سردار اختر مینگل، سید عبدالقادر گیلانی، علی موسی گیلانی، سائرہ افضل تارڑ شامل
وزیر تعلیم رانا سکندر حیات سمیت پنجاب اسمبلی کے 50، سندھ اسمبلی کے 33، کے پی اسمبلی کے 28، بلوچستان اسمبلی کے 7 اور سینیٹ کے 9 ارکان کی رکنیت معطل کی گئی
اسلام آباد(آئی این پی) الیکشن کمیشن نے گوشوارے جمع نہ کروانے پر 159 ارکان پارلیمنٹ اور صوبائی اسمبلی کی رکنیت معطل کر دی جنہیں پارلیمنٹ میں داخلے سے روک دیا گیا۔قومی اسمبلی کے 32، وزیر تعلیم رانا سکندر حیات سمیت پنجاب اسمبلی کے 50، سندھ اسمبلی کے 33، کے پی اسمبلی کے 28، بلوچستان اسمبلی کے 7 اور سینیٹ کے 9 ارکان کی رکنیت معطل کی گئی۔رکنیت معطل ہونے والے اراکین میں وفاقی وزیر مصدق ملک، خالد مقبول صدیقی، ارشد وہرا، سردار اختر مینگل، سید عبدالقادر گیلانی، علی موسی گیلانی، سائرہ افضل تارڑ اور مہرین رزاق بھٹو سمیت دیگر شامل ہیں۔سینیٹ سے فوزیہ ارشد، عابد شیر علی، مراد سعید اور نور الحق قادری کی رکنیت بھی معطل کی گئی۔واضح رہے کہ معطل ارکان رکنیت بحال ہونے تک پارلیمنٹ یا صوبائی اسمبلی کی کسی کارروائی کا حصہ نہیں بن سکتے، الیکشن ایکٹ کے تحت اراکین اسمبلی15جنوری تک مالی گوشوارے جمع کرانے کے پابند ہیں۔