پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز کے پہلے مقابلے کا پہلا دن ملتان میں کھیلا گیا، جہاں پاکستان نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 143 رنز بنائے۔
پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا، لیکن دھند کے باعث میچ کا آغاز دیر سے ہوا اور دوپہر ڈیڑھ بجے شروع ہوا۔ ابتدائی اوورز میں پاکستانی بیٹرز مشکلات کا شکار رہے اور ٹیم کی پہلی وکٹ 5.5 اوورز میں 16 رنز پر گری۔ محمد ہریرہ صرف 6 رنز پر پویلین واپس لوٹے، پھر شان مسعود بھی 11 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ کامران غلام کی 5 رنز کی اننگز کے بعد بابر اعظم بھی 8 رنز پر کیچ آؤٹ ہو گئے اور پاکستان کا اسکور 46 رنز تک محدود رہا۔اس کے بعد سعود شکیل اور محمد رضوان نے پانچویں وکٹ پر 97 رنز کی شراکت داری قائم کی، جس میں دونوں کھلاڑیوں نے اپنی نصف سنچریاں مکمل کیں۔ اس وقت تک سعود شکیل 56 اور محمد رضوان 51 رنز پر کھیل رہے ہیں۔
ویسٹ انڈیز کے جیڈن سیلز نے 3 وکٹیں حاصل کیں، جب کہ گداکیش موتی نے 1 وکٹ اپنے نام کی۔پاکستان کے کپتان شان مسعود نے ٹاس جیتنے کے بعد کہا کہ ان کی حکمت عملی ہے کہ پہلی اننگز میں اچھا اسکور کر کے آخری اننگز میں ویسٹ انڈیز پر دباؤ ڈالا جائے گا۔واضح رہے کہ ویسٹ انڈیز کی ٹیم دسمبر 2006ء کے بعد پہلی بار پاکستان کا دورہ کر رہی ہے اور یہ سیریز ان کے لیے ایک اہم موقع ہے۔