پی ٹی آئی رہنما شوکت یوسفزئی نے حکومت کے خلاف تحریک شروع کرنے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے درمیان جاری لڑائی حکومت کے خاتمے کا سبب بنے گی۔
پشاور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے شوکت یوسفزئی نے کہا کہ دونوں جماعتیں ایک دوسرے پر الزامات لگا کر عوام کو مایوس کر رہی ہیں۔ پیپلز پارٹی ن لیگ کو حکومت میں ناکامی کا الزام دے رہی ہے، جبکہ ن لیگ پیپلز پارٹی پر سندھ میں کام نہ کرنے کا الزام عائد کر رہی ہے۔ ان کے مطابق دونوں جماعتوں کی لڑائی سے واضح ہو رہا ہے کہ عوام کے مفادات کی حفاظت کے لیے کوئی اقدامات نہیں ہو رہے۔شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا کہ ملک اس وقت مہنگائی اور بد امنی کی لپیٹ میں ہے، لیکن حکومت کی توجہ عوام کے مسائل کی بجائے آپسی لڑائیوں پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ عید کے بعد اپوزیشن ایک گرینڈ الائنس بنائے گی اور حکومت کے خلاف تحریک کا آغاز کرے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ کی لڑائیوں سے لگتا ہے کہ عید سے پہلے حکومت خود ہی ختم ہو جائے گی، اور اپوزیشن اس خلا کو پر کرے گی۔