پی ٹی آئی نے مذاکرات کے لیے ایجنڈا فائنل کر لیا:شوکت یوسفزئی

پی ٹی آئی نے مذاکرات کے لیے ایجنڈا فائنل کر لیا:شوکت یوسفزئی

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے حکومت کے ساتھ مذاکرات کے لیے اپنا ایجنڈا مکمل کر لیا ہے۔

 پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج حکومت کے ساتھ مذاکرات کا دوسرا دور شروع ہو گا اور پی ٹی آئی کے 2 اہم مطالبات ہیں جن پر عملدرآمد ہونا ضروری ہے۔ ان مطالبات میں پی ٹی آئی کے گرفتار تمام کارکنوں کی رہائی اور 9 مئی اور 26 نومبر کے واقعات پر جوڈیشل کمیشن کی تشکیل شامل ہے۔شوکت یوسفزئی نے واضح کیا کہ پی ٹی آئی ان 2 نکات پر کسی بھی صورت میں سمجھوتہ نہیں کرے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی جانب سے سول نافرمانی کی تحریک برقرار ہے اور حکومتی کمیٹی کا رویہ سنجیدہ رہا ہے، لیکن مطالبات پر عملدرآمد کی صورت میں ہی بات چیت آگے بڑھ سکتی ہے۔

اگر حکومت نے ان مطالبات پر لچک نہ دکھائی تو پی ٹی آئی سول نافرمانی کی تحریک جاری رکھے گی اور احتجاج کے لیے اپنا لائحہ عمل تشکیل دے گی۔ انہوں نے حکومت کو 30 جنوری تک کا وقت دیا ہے تاکہ ان کے مطالبات پر عمل کیا جا سکے۔