معمر شخص کو زندہ جلا ڈالا

رفیق نماز کے بعد نکلا تو نبیل نے سر میں پتھر دے مار ا، گرنے پر آ گ لگا دی،اہل علاقہ کا احتجاج ، ملزم گرفتار 
گوجرانوالہ(کرائم رپورٹر)تھانہ فیروز والہ کے علاقہ منڈیالہ تیگہ میں درندہ صفت ملزم نے معمرشخص کوزندہ جلاڈالا،اہل علاقہ کا بازار بند کر کے شدید احتجاج،پولیس نے ملزم کو گرفتار کر لیا۔بتایا گیا ہے کہ تھانہ فیروزوالہ کے علاقہ منڈیالہ تیگہ میں رفیق مسجدسے نماز کی ادائیگی کے بعد نکلا تو نبیل نے حملہ کر دیا ، پتھر سر میں لگنے سے رفیق احمدگر ا تو ملزم نے اسے آگ لگادی جس سے وہ جھلس کر موقع پر ہی دم توڑگیا، افسوسناک واقعہ کیخلاف اہل علاقہ نے بازاربندکرکے شدید احتجاج کیا ، اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور لاش کو ضروری کارروائی کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا ،دوسری جانب پولیس نے مذاکرات کے دوران تاجر برادری کو یقین دہانی کرائی کہ ملزم کو قرارواقعی سزا دلوائی جائے گی۔ یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ پولیس نے نبیل نامی ملزم کوحراست میں لیکر تفتیش شروع کر دی ،معمر شخص کو زندہ جلانے کی وجہ سامنے نہیں آسکی۔