دنیا کے سب سے معمر اور دوسرے معمر ترین مردوں کی سالگرہ ایک ہی دن

 آسٹریلیا (نیٹ نیوز) معمر ترین مرد نے اپنی 113 ویں سالگرہ کے موقع پر اس شخص کو مبارکباد دی جو اس سے بھی زیادہ معمر ہے۔جی ہاں آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے کین ویکس دنیا کے دوسرے معمر ترین مرد ہیں جن کی پیدائش نیو ساؤتھ ویلز کے علاقے Grafton میں 5 اکتوبر 1913 کو ہوئی تھی۔ان سے ایک سال قبل یعنی 5 اکتوبر 1912 کو برازیل کے علاقے Maranguape میں جو آؤ مارینو نیٹو کی پیدائش ہوئی جو اب 114 سال کی عمر کے ساتھ دنیا کے معمر ترین مرد ہیں۔دنیا کے دونوں معمر ترین مردوں کی تاریخ پیدائش ایک ہے اور اس موقع پر انہوں نے ایک دوسرے کے ساتھ مبارکباد کے پیغامات کا تبادلہ کیا۔کین ویکس اس وقت ایک ہوم اولڈ مرکز میں مقیم ہیں اور جو آؤ مارینو کے مبارکبادی پیغام پر بہت زیادہ خوش ہوئے اور ان کے لیے ایک ویڈیو میسج ریکارڈ کراکے انہیں بھی سالگرہ کی مبارکباد دی۔114 سالہ جو آؤ مارینو 113 سالہ کین ویکس سے 14 ہزار کلومیٹر دوری پر رہائش پذیر ہیں اور دونوں کے درمیان پیغامات کا تبادلہ کسی پیشگی منصوبے کے بغیر ہوا۔کین ویکس اس جگہ پر 2018 سے مقیم ہیں جبکہ اس سے قبل 105 سال تک وہ اپنے آبائی قصبے میں رہے۔ان کے 2 بیٹے اور 3 پوتے پوتیاں ہیں اور دوسری جنگ عظیم میں آسٹریلیا کی فضائی فوج کا حصہ بننے کی کوشش کی جو ناکام ثابت ہوئی۔1941 میں ان کی شادی جین میکافی سے ہوئی جن سے ان کے 2 بیٹے ہوئے۔ان کی اہلیہ کا انتقال 1986 میں ہوا تھا اور اس کے بعد وہ برسوں تک خودمختار زندگی گزارتے رہے۔درحقیقت انہیں جسمانی طور پر متحرک رہنا پسند تھا اور 100 سال کی عمر میں بھی خریداری خود کرتے تھے۔ان کی پوتی کے مطابق ان کے دادا پرعزم ہیں اور اپنے اردگرد موجود افراد کی زندگی کو بہتر بنانا چاہتے ہیں۔