غزہ (آئی این پی ) اسرائیلی قید سے رہائی پانے والے فلسطینیوں نے زبردستی پہنائی گئی اسرائیلی نشانات اور نعروں والی ٹی شرٹس جلا دیں۔ رہائی پر فلسطینیوں کا شاندار استقبال کیا گیا۔اسرائیل کی جانب سے رہائی پانے والے فلسطینی قیدیوں کو ایسے شرٹس پہننے پر مجبور کیا گیا، جن پر اسٹار آف ڈیوڈ کا نشان اور عربی میں ہم نہ بھولیں گے، نہ معاف کریں گے لکھا تھا۔ اس اقدام کو ایک نسلی جرم قرار دے کر سخت تنقید کی جا رہی ہے۔ تین اسرائیلی قیدیوں کے بدلے 369 فلسطینیوں کو رہا کیا گیا تھا ۔ رہائی سے قبل اسرائیلی جیل سروس نے کچھ فلسطینی قیدیوں کی تصاویر جاری کیں، جن میں انہیں ان متنازعہ شرٹس میں ملبوس دکھایا گیا۔ رہائی کے دوران متعدد فلسطینیوں نے ان پیغامات کو چھپانے کے لیے اپنی شرٹس الٹی پہن لی تھیں۔