قلات میں مسلح افراد کی لیویز چوکی پر فائرنگ، اہلکار شہید،2زخمی

بہادر جوانوں کی فوری جوابی کارروائی سے حملہ آور پسپا ہوکر فرار ہوگئے، ترجمان بلوچستان حکومت
  شہید علی نوازنے اپنی قیمتی جان وطن کے امن کے لئے قربان کی،وزیر داخلہ کا خراج عقیدت پیش 
 کوئٹہ،اسلام آباد (آئی این پی )بلوچستان کے ضلع قلات میں لیویز چوکی پر حملے میں ایک اہلکار شہید جبکہ دو زخمی ہوگئے۔ترجمان بلوچستان حکومت کے مطابق لیویز فورس کے بہادر جوانوں نے فوری جوابی کارروائی کی جس سے حملہ آور پسپا ہوکر فرار ہوگئے۔صوبائی حکومت نے قلات واقعے پر اظہار افسوس کیا ہے۔ ترجمان شاہد رند کا کہنا ہے کہ زخمی اہلکاروں کو کوئٹہ منتقل کر دیا گیا، شہید لیویز اہلکار کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔شاہد رند نے کہا کہ بحالی امن کے لیے سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔دوسری جانب وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کی قلات میں لیویز پوسٹ پر حملے کی مذمت اور فائرنگ سے شہید لیویز اہلکار علی نواز کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔محسن نقوی نے کہا کہ لیویز اہلکار علی نواز نے دہشت گردوں کا بہادری سے مقابلہ کیا، علی نواز نے فرض کی ادائیگی کے دوران شہادت کا اعلی مرتبہ پایا، شہید علی نواز نے اپنی قیمتی جان وطن کے امن کے لئے قربان کی۔