محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف شہروں میں سرد اور خشک موسم کی پیشگوئی کر دی ہے۔
شہر قائد میں آج کم سے کم درجہ حرارت 18 ڈگری سینٹی گریڈ اور زیادہ سے زیادہ 27 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔ شمال مشرق سے خشک ہوائیں 14 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں اور ہوا میں نمی کا تناسب 44 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔ شہر کا فضائی معیار آج بھی مضر صحت قرار دیا گیا ہے اور دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں کراچی دسویں نمبر پر ہے۔ کورنگی صنعتی ایریا سب سے زیادہ آلودہ علاقہ ہے۔
خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور جزوی ابرآلود رہنے کا امکان ہے، جبکہ کچھ بالائی اضلاع میں شدید سردی کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ میدانی علاقوں جیسے پشاور، صوابی، مردان، چارسدہ اور ڈیرہ میں دھند چھائی رہے گی۔ پشاور میں کم سے کم درجہ حرارت 7 اور زیادہ سے زیادہ 26 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، ہوا میں نمی 48 فیصد ہے۔
پارچنار میں ایک، دیر میں دو، چترال، دورش، کاکول اور کالام میں تین تین، بالاکوٹ، تیمرگرہ اور میرکنی میں چار چار، سیدوشریف اور مالم جبہ میں پانچ پانچ، جبکہ تخت بائی اور چراٹ میں چھ چھ ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ ڈی آئی خان نو اور بنوں میں گیارہ ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ ہوا۔