پی ٹی اے کی کارروائیوں سے غیراخلاقی مواد سرچ کرنے والوں کی ویوور شپ میں کمی آئی ہے
پاکستان سائبر سکیورٹی کی تیاری کے لحاظ سے دنیا کے ٹاپ ممالک میں شامل ہے:ڈائریکٹرڈاکٹر مکرم علی
اسلام آباد(آئی این پی )پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی ( پی ٹی اے) کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر مقرم علی نے کہا ہے کہ اگرچہ غیراخلاقی مواد سے متعلق آن لائن سرچز میں پاکستان اب بھی عالمی سطح پر سرفہرست ہے، تاہم غیراخلاقی مواد دیکھنے کے حوالے سے پاکستان اب پہلے نمبر پر نہیں رہا، پاکستان سائبر سیکیورٹی کی تیاری کے لحاظ سے دنیا کے ٹاپ ممالک میں شامل ہے ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے سائبر سیکیورٹی سے متعلق معقدہ ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ڈاکٹر مقرم علی نے کہا کہ پی ٹی اے کی جانب سے غیر اخلاقی ویب سائٹس کی بڑی تعداد کو بلاک کرنے کے اقدامات کے بعد واضح اثرات دیکھنے میں آئے ہیں اور اب پاکستان ایسے مواد کے ناظرین کی تعداد میں پہلے نمبر پر نہیں رہا۔انہوں نے بتایا کہ پہلے پاکستان غیر اخلاقی مواد دیکھنے کے لحاظ سے دنیا میں سب سے آگے تھا، لیکن مسلسل کارروائیوں اور قوانین پر عمل درآمد سے ملک کی پوزیشن نیچے آگئی ہے