ٹرمپ کی حمایت کا خیرمقدم، خطے کے دفاع و سلامتی کے لیے کردار جاری رکھیں گے، وزیراعظم

ٹرمپ کی حمایت کا خیرمقدم، خطے کے دفاع و سلامتی کے لیے کردار جاری رکھیں گے، وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حمایت کے اظہار کا خیرمقدم کیا ہے۔
سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں وزیراعظم نے امریکی صدر کی پوسٹ پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ وہ معاہدے کے بارے میں ٹرمپ کے حمایت کے الفاظ کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان برادر ملک سعودی عرب اور ترکیہ کے ساتھ مل کر خطے کے دفاع اور سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے تعمیری کردار ادا کرتا رہے گا۔وزیراعظم کا یہ بھی کہنا تھا کہ صدر ٹرمپ کی قیادت نے جنوبی ایشیا میں جوہری تباہی کو روکنے اور لاکھوں جانیں بچانے میں مدد فراہم کی ہے۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پائیدار امن ہمارے عوام کے روشن اور خوشحال مستقبل کے لیے سب سے اہم شرط ہے۔واضح رہے کہ سعودی عرب، ترکیہ اور پاکستان کے درمیان ہونے والا یہ معاہدہ خطے میں ایک نئے سیکیورٹی اتحاد کی بنیاد بن گیا ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی اس معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے ’’بڑا، جرات مندانہ اور پہلا اہم قدم‘‘ قرار دیا ہے۔انہوں نے سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں کہا کہ یہ معاہدہ ظاہر کرتا ہے کہ مشرق وسطیٰ کے ممالک باہمی تعاون کے ذریعے خطے کی سلامتی کو مضبوط بنانے کی طرف بڑھ رہے ہیں اور اپنی حفاظت زیادہ مؤثر انداز میں کر سکتے ہیں۔مکہ مشترکہ دفاعی معاہدہ 7 اگست کو مکہ مکرمہ میں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان، ترک صدر رجب طیب اردوان اور وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے دستخط کیا تھا۔