طارق فاروق اور کرنل ریٹائرڈ وقار نور بھی وزارت عظمیٰ کی دوڑ میں شامل ،نواز شریف کل نامزدگیوں کا اعلان کرینگے

شاہ غلام قادر آزاد کشمیرکی وزارت عظمیٰ کیلئے فیورٹ
 مسلم لیگ (ن) کے اجلاس کا س دوسرا دور ، آزاد کشمیر میں حکومت سازی کیلئے مشاورت مکمل، مری اجلاس میں مخصوص نشستوں کیلئے 10 خواتین کے انٹرویوز ، وزیراعظم کی نامزدگی ،خواتین کی مخصوص اور اوورسیز کی ایک نشست پر معاملات طے پا گئے:ذرائع 
مری ( مانیٹرنگ ڈیسک )آزاد کشمیر میں حکومت سازی کے حوالے سے گورنمنٹ ہائوس کشمیر پوائنٹ مری میں مسلم لیگ (ن) کا اہم اجلاس سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کی زیرصدارت ہوا ،اجلاس میں آزاد کشمیر کی سیاسی صورتحال اور آئندہ کی حکمت عملی پر تفصیلی غور کیا گیا، ذرائع کے مطابق اجلاس میں وزیراعظم آزاد کشمیر کی نامزدگی کا فیصلہ کر لیا گیا جس کیلئیشاہ غلام قادر فیورٹ بتائے جاتے ہیں جبکہ خواتین کی مخصوص نشستوں اور اوورسیز کی مخصوص نشست پر بھی امیدواروں کے حوالے سے معاملات طے کر لئے گئے ہیں ۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں مخصوص نشستوں کیلئے 10 خواتین کے انٹرویوز بھی کئے گئے ، ذرائع کے مطابق اجلاس میں مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے آزاد کشمیر میں حکومت سازی اور اہم عہدوں کے حوالے سے مشاورت مکمل کر لی ،ذرائع کے مطابق طے شدہ نامزدگیوں کا باضابطہ اعلان کل میاں محمد نواز شریف خود کریں گے ، اجلاس کے بعد سابق وزیراعظم نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز لاہور پہنچ گئے ۔ اجلاس میں (ن )لیگ آزاد جموں و کشمیر کے صدرشاہ غلام قادرسمیت دیگر رہنمائوں نے شرکت کی،وزارت عظمیٰ کے امیدوار کے طور پر شاہ غلام قادرکی پوزیشن مضبوط بتائی جارہی ہے، طارق فاروق اور کرنل ریٹائرڈ وقار نور بھی دوڑ میں شامل ہیں۔