حل طلب مسائل پر پیش رفت ،باقی مطالبات کیلئے کمیٹیاں تشکیل، پیٹرولیم قیمتوں کے تعین کے طریقہ کار پر بھی غور کیا جائیگا
کراچی (نمائندہ خصوصی)حکومتی نمائندوں سے مذاکرات کے بعد آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹرز نے ملک گیر ہڑتال 40 دن کے لیے موخر کرنے کا اعلان کردیا۔گورنر ہائوس کراچی میں ہونے والے مذاکرات میں گورنر سندھ نہال ہاشمی، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب، وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان اور صدر آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹرز ملک شہزاد نے شرکت کی۔مذاکرات کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے صدر آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹرز ملک شہزاد نے کہا کہ حکومتی یقین دہانی کے بعد ہڑتال 40 دن کے لیے موخر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کے طریقہ کار پر بھی غور کرنے کے لیے 15 دن کا وقت مانگا ہے، جبکہ وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے ٹول ٹیکس میں کمی کے لیے کمیٹی تشکیل دینے اور اس معاملے پر نظرثانی کی یقین دہانی کرائی ہے۔انہوں نے کہا کہ بعض مسائل وفاقی اور صوبائی حکومت نے حل کر دئیے ہیں جبکہ دیگر معاملات کابینہ کی منظوری سے حل کیے جائیں گے، مختلف کمیٹیوں کے اجلاس جاری رہیں گے اور اگر یقین دہانیوں پر عمل نہ ہوا تو دوبارہ احتجاج کیا جا سکتا ہے۔اس موقع پر وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے کہا کہ ٹرانسپورٹرز کے حل طلب مسائل پر پیش رفت ہوئی ہے اور باقی مطالبات کے لیے مختلف کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں۔ گورنر سندھ نہال ہاشمی نے کہا کہ دونوں فریق ملک کے مفاد کے لیے ہر ممکن تعاون پر متفق ہیں۔میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ تمام مسائل بات چیت کے ذریعے حل کیے جائیں،دریں اثنا آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن کے صدر نبیل محمود طارق نے بتایا کہ حکومت اور ٹرانسپورٹرز کے مابین معاملات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔