رینجرز اور سی ٹی ڈی کی مشترکہ کارروائی میں فتنہ الخوارج کا مبینہ دہشتگرد گرفتار

پاکستان رینجرز سندھ کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت شہزاد عرف ڈنگر کے نام سے ہوئی ہے
کراچی(آئی این پی )کراچی میں پاکستان رینجرز سندھ اور محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے خفیہ اطلاع پر مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے جیکب لائن، جمشید ٹائو ن سے فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے ایک مبینہ دہشتگرد کو گرفتار کرلیا۔ترجمان پاکستان رینجرز سندھ کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت شہزاد عرف ڈنگر کے نام سے ہوئی ہے، جس کا تعلق فتنہ الخوارج کے منصور گروپ سے بتایا گیا ہے، کارروائی کے دوران ملزم کے قبضے سے اسلحہ اور بارود بھی برآمد کیا گیا۔ترجمان رینجرز کے مطابق دہشتگرد منصور نے شہزاد کو کراچی سے تنظیم کے لئے فنڈنگ جمع کرنے کا ٹاسک دیا تھا، گرفتار ملزم مختلف افراد سے ماہانہ بنیادوں پر فتنہ الخوارج کیلئے مبینہ طور پر فنڈنگ جمع کرتا رہا جبکہ یہ رقوم ایزی پیسہ اکانٹس کے ذریعے وزیرستان منتقل کی جاتی تھیں۔رینجرز کے مطابق منتقل کی جانے والی رقوم دہشتگردی کی مختلف کارروائیوں میں استعمال ہوتی تھیں، گرفتار ملزم مبینہ طور پر وزیرستان جا کر دہشتگرد منصور سے خفیہ ملاقاتیں بھی کرتا رہا، جبکہ جون 2026 میں بیرمل میں منصور سے اس کی ملاقات ہوئی۔ترجمان کے مطابق ملاقات کے دوران منصور نے شہزاد کو دہشتگردی اور بھتہ وصولی کے لئے نیٹ ورک مزید مضبوط کرنے کا ٹاسک دیا، بعد ازاں ایک نامعلوم ساتھی کے ذریعے ملزم کو اسلحہ اور بارود بھی فراہم کیا گیا، گرفتار ملزم اور اس کے ساتھی حساس مقامات پر دہشتگردی کی منصوبہ بندی کر رہے تھے، کارروائی کے بعد ملزم کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔حکام کے مطابق گرفتار ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے، جس میں اس کے مبینہ نیٹ ورک، مالی معاونت اور دیگر ساتھیوں سے متعلق معلومات حاصل کی جا رہی ہیں۔