امریکی فوجیوں کی تدفین کیلئے جگہ مختص کردی، 5ہزار قبریں بن سکیں گی

یہ معمول کی ہنگامی منصوبہ بندی اور بحران سے نمٹنے کے انتظامات کا حصہ ہیں: ایرانی حکام 
تہرا ن (آئی این پی )ایران کے دارالحکومت تہران کے بہشت زہرا قبرستان کے سی ای او نے اعلان کیا ہے کہ تہران کی شہری حدود سے باہر ایک مقام کو ممکنہ جنگی حالات میں امریکی فوجی اہلکاروں کی عارضی تدفین کے لئے تیار کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدام بحرانی انتظامات اور غیر معمولی حالات سے نمٹنے کی تیاریوں کا حصہ ہے۔ایرانی میڈیا کے مطابق ایک ٹیلی ویژن پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے محمدجواد تاجک نے کہا کہ مقررہ مقام پر تقریبا 5 ہزار قبروں کی گنجائش ہے، یہ اقدام محض میڈیا مہم یا نفسیاتی کارروائی نہیں بلکہ تہران شہر سے باہر یہ مقام حقیقتاً تیار کیا جا چکا ہے۔جواد تاجک کا کہنا تھا کہ ان کے ادارے کو مختلف بحرانی حالات کیلئے منصوبہ بندی کرنا ہوتی ہے، جن میں غیر ملکی فوجی دستوں کے ایرانی سرزمین میں داخل ہونے کا ممکنہ منظرنامہ بھی شامل ہے، اسی مقصد کے تحت غیر ملکی فوجی اہلکاروں کی لاشوں کے انتظام، عارضی طور پر محفوظ رکھنے اور ضرورت پڑنے پر تدفین کیلئے انتظامات کئے گئے ہیں۔انہوں نے واضح کیا کہ ان تیاریوں کا یہ مطلب نہیں کہ جنگ یا امریکی فوجی دستوں کا تہران میں داخل ہونا ناگزیر سمجھا جا رہا ہے۔ ان کے مطابق یہ معمول کی ہنگامی منصوبہ بندی اور بحران سے نمٹنے کے انتظامات کا حصہ ہیں۔