کراچی(آئی این پی )ایم کیو ایم پاکستان نے ملک میں آبادی کے لحاظ سے نئے صوبوں کے قیام کا مطالبہ دوہراتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ میں نئے صوبے بنانے کا مقدمہ سب سے زیادہ مضبوط ہے، نئے صوبوں کے حوالے سے بڑے قومی ڈائیلاگ کی ضرور ت ہے۔ ان خیالات کااظہار کراچی میں ایم کیو ایم رہنمائوں کی مشترکہ پریس کانفرنس میں کیا گیا۔ پارٹی چیئرمین خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا پاکستان کے موجودہ صوبے قانونی تقاضوں پر نہیں بنائے گئے تھے، آج ملک میں جو صوبے ہیں وہ لسانی بنیادوں پر بنائے گئے تھے، زیادہ آبادی کے باوجود یہ صوبے انتظامی یونٹ ہیں، آبادی کی رفتار سے زیادہ ملک بھر میں اضلاع بنا دئیے گئے، لیکن آبادی کے بڑھنے کے باوجود صوبے نہیں بنائے گئے۔انہوں نے کہا کہ صوبے نہ بنانے کے جو اثرات آئے ہیں اس پر بھی بات کرنی چاہیے، ہم نے جو تجویز پیش کی اس پر ملک کی مختلف جماعتیں آواز سے آواز ملارہی ہیں، ملک بھر کے افراد سے کہتے ہیں آئیں اس پر ڈائیلاگ شروع کرتے ہیں، اس پر ایک بڑے قومی ڈائیلاگ کی ضرورت ہے۔خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا ہم صرف اپنے لے یہ نہیں کہہ رہے بلکہ جہاں بھی صوبوں کی ضرورت ہے وہاں بننے چاہئیں، 18 ویں ترمیم کے گناہ میں اسی لیے شامل ہوئے کہ جمہوریت کے اثرات ہرجگہ پہنچیں