غیر منقولہ جائیداد مالکان کو ریلیف ، اسٹیمپ ڈیوٹی 3 فیصد سے کم کر کے 1 فیصد کرنے کی منظوری ‘فارنزک سائنس اتھارٹی میں ممبران کے اضافے کا فیصلہ
لاہور(آئی این پی )پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن نے اپنے ارکان کی گرفتاری اور پروڈکشن آرڈرز پر عملدرآمد نہ ہونے کے خلاف شدید احتجاج کرتے ہوئے اجلاس کا بائیکاٹ کر دیا اور اسمبلی کے دروازے پر دھرنا دے دیا۔ اپوزیشن ارکان کا موقف ہے کہ رکن اسمبلی کلیم اللہ کے پروڈکشن آرڈرز جاری نہ ہونے کے خلاف یہ احتجاج کیا جا رہا ہے،احتجاج کے دوران اپوزیشن نے اعلان کیا کہ نہ کسی کو اسمبلی کے اندر آنے دیا جائے گا اور نہ ہی کسی کو باہر جانے دیا جائے گا۔ اپوزیشن رہنما رانا آفتاب احمد نے ایوان میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کچھ قوتیں ارکان اسمبلی کو کنٹرول کر رہی ہیں، جبکہ متعدد ارکان کو گرفتار بھی کیا گیا ہے اور ان کی رہائی ممکن نہیں بنائی جا سکی، انہوں نے کہا کہ گرفتار ارکان کی رہائی کے لیے پروڈکشن آرڈر جاری تو ہوئے لیکن ان پر عملدرآمد نہیں کیا گیا‘دریںاثناء حکومت پنجاب نے غیر منقولہ جائیداد مالکان کو ریلیف دینے کے لیے بڑا فیصلہ کرلیا ، جس کے تحت جائیدادوں پر اسٹیمپ ڈیوٹی 3 فیصد سے کم کر کے 1 فیصد کرنے کی منظوری دے دی گئی ہے۔اس حوالے سے اسٹیمپ(ترمیمی) آرڈیننس پنجاب میں پیش کیا گیا، جس کے تحت اسٹیمپ ایکٹ 1899 میں ترامیم کی جائیں گی۔ آرڈیننس کے متن کے مطابق دیہی علاقوں میں 3 فیصد اسٹیمپ ڈیوٹی کو کم کر کے 1 فیصد کرنا یکساں قانون سازی کے لیے ضروری قرار دیا گیا ہے۔حکومت پنجاب نے فارنزک سائنس اتھارٹی میں ممبران کے اضافے کا فیصلہ کرتے ہوئے پنجاب فارنزک سائنس اتھارٹی (ترمیم ) بل 2026 پنجاب اسمبلی میں پیش کر دیا گیا۔بل گزشتہ روز اجلاس میں پیش کیا گیا، مسودہ قانون کے تحت پنجاب فارنزک سائنس اتھارٹی بل 2025 میں ترامیم کی جائیں گی۔بل کے متن کے مطابق ڈی جی ایگریکلچر و فوڈ اور چئیرمین انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کو پنجاب فارنزک سائنس اتھارٹی کا ممبر بنانے کی تجویز دی گئی ہے۔تجویز کردہ ترامیم کی گزارش محکمہ داخلہ کی جانب سے کی گئی، ترامیم سے دوسرے محکموں سے انفارمیشن لینے میں آسانی ہوگی۔ ترامیم سے اداروں کے درمیان ورکنگ موثر و بہتر ہو سکے گی۔