عمران، بشریٰ دنیا کی بہترین جوڑی مریم وٹو

اتنی اچھی بیوی ہو تو ہر شوہراس کی مانتا ہے،بہنوئی بننے سے قبل عمران کو قریب سے نہیں جانتی تھی
دبئی (خصوصی رپورٹ)بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی بڑی بہن مریم وٹو نے کہا ہے کہ میرا تعلق عمران خان اور تحریک انصاف کے ساتھ 2022سے ہے، میں اس وقت بھی پارٹی کی کارکن تھی جب عمران خان میرے بہنوئی نہیں بنے تھے۔ ایک نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے مریم وٹو نے بتایا کہ مجھ پر پارٹی معاملات میں مداخلت کا جو الزام لگتا ہے میں سمجھتی ہوں کہ میرا یہ حق ہے، میں اس پارٹی کی بہت پرانی کارکن ہوں۔ ایک سوال کے جواب میں بشریٰ بی بی کی بڑی بہن نے بتایا کہ بشریٰ کے پاس کوئی جادو کی چھڑی نہیں ہے، اتنی اچھی بیوی ہو تو ہر شوہر اپنی بیوی کی مانتا ہے، بشریٰ کے پاس دین اور قرآن کا بہت علم ہے اور یہی وجہ ہے کہ عمران خان اپنی اہلیہ کی بات مانتے ہیں اور ان سے مشورہ لیتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ وہ بشریٰ کو اپنا مرشد کہتے ہیں۔ انہوں نے انٹرویو کے دوران کالے جادو اور ٹونے تعویز جیسے الزامات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ جو بشریٰ پر ایسے الزامات لگاتے ہیں مجھے ان کی ذہنی صحت پر شک ہوتا ہے۔ مریم وٹو نے کہا کہ میں عمران خان کی نجی زندگی پر بات نہیں کروں گی، بہنوئی بننے سے قبل میں عمران خان کو زیادہ قریب سے نہیں جانتی تھی۔