بانی پی ٹی آئی سے غداری نہیں کرسکتا: محمود خان

 عمران خان نے سیاست سکھائی، آج بھی ان کی عزت کرتا ہوں،سابق وزیراعلیٰ کے پی
پشاور (خصوصی رپورٹ ) پاکستان تحریک انصاف (پارلیمینٹرین) کے چیئرمین اور سابق وزیر اعلیٰ محمود خان نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں جو فلم چل رہی ہے، اس کے لیے مجھے بھی آفر ہوئی تھی، لیکن بانی پی ٹی آئی عمران خان کے ساتھ غداری نہیں کرسکتا تھا۔ سابق وزیر اعلیٰ نے گفتگو کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ تحریک انصاف کی موجودہ قیادت میں سب کمپرومائزڈ ہیں، میں یہ نہیں کرسکتا تھا، میں نے تحریک انصاف عمران خان ، مراد سعید اور اپنی عزت کی خاطر چھوڑی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پارٹی چھوڑنے کا فیصلہ عمران خان اور پی ٹی آئی کے مفاد میں کیا تھا، یہ نہیں کرسکتا تھا کہ پارٹی کے اندر ہوتا اور بانی کو دھوکا دیتا، اسی لیے پارٹی چھوڑنی پڑگئی۔محمود خان نے کہا کہ عمران خان نے سیاست سکھائی، آج بھی ان کی عزت کرتا ہوں،( ن) لیگ اور پی پی پی سے بھی شمولیت کی دعوتیں ملی تھیں، مجھے اقتدار کی بھوک رہتی تو آج وفاقی وزیر ہوتا، لیکن پیشکش مسترد کی ہے۔انہوں نے کہاکہ سوات میں پی ٹی آئی میں نے بنائی، میری پہچان صرف پی ٹی آئی سے نہیں، پہلے سے ایک سیاسی بیک گرائونڈ رکھتا ہوں۔