وزیراعظم محمد شہباز شریف سے برطانیہ کے پارلیمانی انڈر سیکرٹری برائے مذاہب، کمیونٹیز اور آبادکاری لارڈ واجد خان نے ملاقات کی۔
اس موقع پر وزیراعظم نے لارڈ واجد خان کا پاکستان میں خیرمقدم کیا اور اوورسیز پاکستانیوں کے کنونشن میں شرکت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے برطانیہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے تعاون کو سراہا اور کنگ چارلس سوم اور برطانوی وزیر اعظم کیئر اسٹارمر کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔وزیراعظم نے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم اور عوامی تبادلوں سمیت دیگر شعبوں میں تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی پاکستان کی خواہش کا اعادہ کیا۔
انہوں نے پاکستان اور برطانیہ کے تعلقات کو فروغ دینے اور تعاون کی نئی راہیں تلاش کرنے میں لارڈ خان کی کوششوں کو سراہا۔ملاقات میں لارڈ واجد خان نے وزیراعظم کو اپنی حالیہ سرگرمیوں اور اقدامات سے آگاہ کیا۔