کمشنر کراچی کی زیر صدارت اجلاس، کارروائیوں میں 17 گراں فروش گرفتار، 39 دکانیں سیل
کراچی(آئی این پی ) کراچی میں فٹ پاتھوں سے ٹھیلے ہٹانے اور غیرقانونی روڈ سائیڈ ہوٹلز سیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔کمشنر کراچی حسن نقوی کی زیر صدارت گراں فروشی کی روک تھام سے متعلق اجلاس ہوا جس میں فٹ پاتھوں پر ٹھیلوں کی روک تھام کیلئے بلدیاتی اداروں کو متحرک کیے جانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔اس کے علاوہ اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ روڈ سائیڈ ہوٹلز کو کیو آر کوڈز اور ایفی ڈیوٹ کے ذریعے رجسٹرڈ کیا جائے گا اور کمشنر پورٹل پر غیر رجسٹرڈ روڈ سائیڈ ہوٹلز بھی سیل کر دیئے جائیں گے۔ترجمان کمشنر کراچی کے مطابق گراں فروشی کے خلاف کارروائیوں میں 17 گراں فروشوں کو گرفتار کیا گیا اور 39 دکانیں سیل کردی گئیں۔کمشنر کراچی حسن نقوی کا کہنا تھا کہ گراں فروشی اور تجاوزات کے خلاف مہم کوموثر بنانے کی ضرورت ہے۔