بنیادی آئینی حقوق اورسیاسی آزادی کیلئے آئینی جدوجہد جاری رکھیں گے:لاہور میں پی ٹی آئی رہنما میاں اکرم عثمان کے گھر آمد پر گفتگو
لاہور (یواین پی) خیبرپختونخواہ کے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی اپنے لاہور کے دورے کے دوسرے دن پاکستان تحریک انصاف کے رہنما میاں اکرم عثمان کی رہائش گاہ پہنچ گئے جہاں انہوں نے میاں اکرم عثمان کے اہل خانہ سے تفصیلی ملاقات کی اور پولیس کی جانب سے مبینہ چھاپوں اور توڑ پھوڑ کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ میاں اکرم عثمان کی رہائش گاہ کے باہر اور فیملی سے ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبر پختونخواہ سہیل آفریدی نے کہا ان کی جرات کیسے ہوتی ہے کہ یہ اس طرح چادر اور چار دیواری کا مقدس حلف اور تقدس پامال کرتے ہیں؟ گھروں میں خواتین اور بچوں کی موجودگی کے باوجود اس طرح کے دھاوے کسی صورت قابلِ قبول نہیں ہیں۔ مجھے بالکل سمجھ نہیں آتی کہ ان جعلی حکمرانوں کو اپوزیشن کی معمولی سیاسی ایکٹیوٹی یعنی سیاسی جلسہ جلوس یا ریلی سے آخر اتنا خوف کیوں ہوتا ہے؟ گرفتاریوں، پرچوں اور پولیس گردی سے تحریک انصاف کے کارکنان اور قیادت کے حوصلے پست نہیں کیے جا سکتے اور وہ بنیادی آئینی حقوق و سیاسی آزادی کے لیے اپنا آئینی جدوجہد جاری رکھیں گے، مزاحمت کے بغیر حل نہیں ہے۔