12اکتوبر 2026 یا اس کے بعد پشاور ہائیکورٹ میں آرٹیکل 199 کے تحت دائر کردہ تمام کارروائیاں معطل رہیں گی:تحریری حکمنامہ جاری
اسلا م آباد(آئی این پی‘آن لائن )وفاقی آئینی عدالت نے بڑا حکم جاری کرتے ہوئے پشاور ہائیکورٹ کو تاحکم ثانی ایم پی او کے تحت گرفتاریوں کے مقدمات سننے سے روک دیا۔چیف جسٹس امین الدین خان نے کہا کہ ہم اس معاملے میں فریقین کو نوٹسز جاری کررہے ہیں ، دیگر فریقین عدالتی حکم دیکھ کر اپنی درخواست دائر کرسکتے ہیں۔چیف جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے سماعت کی، واضح رہے سہیل آفریدی و دیگر کی تھری ایم پی او کے تحت گرفتاریوں کا معاملہ پشاور ہائی کورٹ میں زیر التوا ہے، صوبائی حکومت نے پشاور ہائیکورٹ کے مختلف احکامات کو آئینی عدالت میں چیلنج کیا تھا۔
وفاقی آئینی عدالت نے پشاور ہائیکورٹ کے مختلف ڈویژن بنچز کے فیصلوں کے خلاف دائر اپیلوں پر چار صفحات پر مشتمل تحریری حکم نامہ جاری کر دیا۔چیف جسٹس امین الدین خان نے کیس کی سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کیا۔ عدالت نے تمام فریقین کو نوٹس جاری کر دیے جبکہ آئینی تشریح کا معاملہ ہونے پر اٹارنی جنرل کو بھی نوٹس جاری کیا گیا۔حکم نامے کے مطابق 12 اکتوبر 2026 یا اس کے بعد پشاور ہائیکورٹ میں آرٹیکل 199 کے تحت دائر کردہ تمام کارروائیاں معطل رہیں گی۔ عدالت نے ایڈووکیٹ جنرل خیبر پختونخوا کو سات دن کے اندر تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کر دی