سیلاب : امدادی سامان کی لوٹ مار

 اے سی آفس علی پور،دیگر مقامات پر امدادی سامان لوٹ لیا گیا، ڈاکوئوں نے بھی 3 متاثرین کے گھر لوٹ لئے
 فتح پور جنوبی (خصوصی رپورٹ)نامعلوم افراد نے اسسٹنٹ کمشنر آفس علی پور سمیت دیگر مقامات پر متاثرین کیلئے لائے جانے والے خیمے اور راشن بیگز لوٹ لئے، غفلت پر اے سی کو تبدیل کر دیا گیا، دوسری طرف سیلاب زدہ علاقوں میں کشتیوں پر سوار مسلح ڈاکوئوں نے بھی 3 متاثرین کے گھر لوٹ لئے۔تفصیلات کے مطابق نامعلوم افراد گزشتہ شام دیواریں پھلانگ کر اسسٹنٹ کمشنر آفس کے احاطہ میں داخل ہو گئے اور وہاں حکومت کی جانب سے خیموں اور دیگر امدادی اشیاء سے بھرے 2 ٹرکوں میں سے ایک کو مکمل جبکہ دوسرے سے آدھا سامان لوٹ کر سرعام فرار ہو گئے۔اسی طرح ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ عثمان طاہر جپہ کی موجودگی میں سیلاب متاثرین سمیت دیگر لوگ سیت پور روڈ پر فضائیہ کی جانب سے اتارے گئے 300 سے زائد راشن بیگز اٹھا کر بھاگ گئے۔ تیسری واردات سیت پور روڈ پر منی والے پمپ کے قریب ہوئی جہاں گزشتہ روز سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے قیام کیا تھا، وہاں موجود خیمے بھی لوٹ لئے گئے۔رابطہ کرنے پر اسسٹنٹ کمشنر آفس کے ترجمان نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ اے سی فیض فرید تبدیل ہو گئے ہیں۔