پنجاب کے ضلع وہاڑی میں دریائے ستلج کے سیلاب سے متاثرہ علاقے میں ایک غیر معمولی اور خوفناک واقعہ پیش آیا ہے۔
بستی بڈھن شاہ میں سیلابی پانی کے ساتھ ایک دیوقامت اژدھا نمودار ہوا، جس کی لمبائی مقامی افراد کے مطابق تقریباً 40 فٹ تھی۔عینی شاہدین کے مطابق اژدھا سیلابی پانی سے نکل کر بستی کے ایک گھر میں موجود مرغیوں کے ڈربے کی جانب بڑھ رہا تھا، جس پر مقامی شہری نے خوفزدہ ہونے کے بجائے بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے بروقت فائرنگ کی اور اژدھے کو مار ڈالا۔ بعد ازاں دیوقامت اژدھے کی لاش کو واپس دریا میں بہا دیا گیا۔مقامی افراد کا کہنا ہے کہ سیلاب کے باعث نہ صرف فصلیں اور بستیاں متاثر ہو رہی ہیں بلکہ جنگلی حیات بھی اپنی پناہ گاہیں چھوڑنے پر مجبور ہو رہی ہے۔ اس وجہ سے دیہاتوں اور رہائشی علاقوں میں خطرناک جانوروں کے داخل ہونے کے واقعات میں اضافہ ہو رہا ہے۔
یہ واقعہ اس حقیقت کی طرف بھی توجہ دلاتا ہے کہ سیلاب صرف پانی کی تباہ کاریوں تک محدود نہیں ہوتا بلکہ اس کے ساتھ ایسے خطرات بھی جنم لیتے ہیں جو انسانی جانوں کے لیے مزید خطرہ بن سکتے ہیں۔ادھر مقامی افراد نے محکمہ جنگلی حیات اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ سیلاب متاثرہ علاقوں میں فوری طور پر حفاظتی اقدامات کیے جائیں اور جنگلی جانوروں کے حملوں سے عوام کو محفوظ رکھنے کے لیے گشت اور آگاہی مہم شروع کی جائے۔