فلسطینیوں کیلئے امدادی سامان روانہ، مریم نواز کی تقریب میں شرکت

امدادی سامان اہل پاکستان کی طرف سے غزہ کے عوام کیلئے   پیغام محبت ہے:وزیر اعلی پنجاب 
لاہور(سپیشل رپورٹر )الخدمت فائو نڈیشن کے تعاون سے این ڈی ایم اے کی زیر سرپرستی   فلسطینی عوام  کیلئے  مزید امدادی سامان غزہ روانہ کردیا گیا، وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف نے تقریب میں شرکت کی۔حکومت پاکستان نے این ڈی ایم اے کے تحت غزہ کے لئے  مزیدامدادی سامان روانہ کردیا، اہل فلسطین  کیلئے  امداد کی یہ نئی کھیپ الخدمت فائو نڈیشن کے تعاون سے لاہور سے غزہ کے لیے روانہ کی گئی ہے۔علامہ اقبال انٹر نیشنل ایئر پور ٹ لاہور سے 100 ٹن سامان پر مشتمل مجموعی طور پر22ویں کھیپ بذریعہ خصوصی پروازروانہ کی گئی ‘مریم نواز نے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانیوں کے دل فلسطینیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں، غزہ کے بے گناہ مسلمانوں پر مظالم سے ہر حساس دل مضطرب ہے، امدادی سامان اہل پاکستان کی طرف سے غزہ کے عوام کیلئے   پیغام محبت ہے۔وزیر اعلی پنجاب نے سامان کی فوری روانگی یقینی بنانے پر این ڈی ایم اے اور دیگر فلاحی اداورں کی کوششوں کو سراہا اوران کا شکریہ ادا کیا، انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان اس مشکل وقت میں فلسطین کے عوام کے ساتھ کھڑا ہے اور ان کی ضروریات کو پورا کرنے کی ہر ممکن کوشش کرے گا۔