ٹرمپ نے چارلی کرک کو بڑے سویلین اعزاز صدارتی میڈل برائے آزادی سے نوازا
واشنگٹن(آئی این پی )ٹرمپ انتظامیہ نے چھ غیرملکیوں کے ویزے منسوخ کر دئیے جنہوں نے سوشل میڈیا پر قدامت پسند رہنما چارلی کرک کے قتل کے حوالے سے مبینہ طور پر توہین آمیز تبصرے کئے ۔امریکی خبر رساں ادارے کے مطابق محکمہ خارجہ نے کہا ہے کہ متعلقہ افراد کی سوشل میڈیا پوسٹس اور چارلی کرک سے متعلق شیئر کیے گئے ویڈیو کلپس کا جائزہ لینے کے بعد یہ تعین کیا گیا ہے کہ ان کے ویزے منسوخ کیے جائیں۔دائیں بازو کے نوجوان کارکن اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے قریبی ساتھی چارلی کِرک گزشتہ ماہ یوٹا یونیورسٹی میں ایک تقریب سے خطاب کر رہے تھے جب انہیں گردن میں گولی ماری گئی تھی۔محکمہ خارجہ کی جانب سے یہ اعلان ایسے موقع پر کیا گیا ہے جب دوسری جانب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چارلی کرک کو سب سے بڑے سویلین اعزاز صدارتی میڈل برائے آزادی سے نوازا ہے۔چارلی کرک کی آخری رسومات کے موقع پر تقریر میں صدر ٹرمپ نے قدامت پسند رہنما کو عظیم امریکی ہیرو اور آزادی کا شہید قرار دیا تھا۔ٹرمپ انتظامیہ نے جن چھ غیرملکیوں کے ویزے منسوخ کیے ہیں ان کا تعلق ارجنٹینا، برازیل، جرمنی، میکسیکو، پیراگوئے اور جنوبی افریقہ سے بتایا گیا ہے تاہم ان کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی