گوررنر فیصل کریم کنڈی نے حلف لیا‘ تقریب میں سپیکر ، پی ٹی آئی کے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی، آئی جی پولیس، چیف سیکریٹری اور دیگر اعلی حکام کی شرکت
وزیراعلی کا انتخاب کالعدم قرار دینے کی درخواست جے یوآئی نے دائر کی تھی‘سہیل آفریدی کی عمران خان سے ملاقات کیلئے عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ
پشاور(آئی این پی)خیبرپختونخوا کے نومنتخب وزیراعلی سہیل آفریدی نے اپنے عہدے کا حلف اٹھالیا، گورنر فیصل کریم کنڈی نے ان سے حلف لیا۔رپورٹ کے مطابق تقریب حلف برداری گورنر ہاس میں منعقد ہوئی، جس میں اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی، پاکستان تحریک انصاف کے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی، آئی جی پولیس، چیف سیکریٹری اور دیگر اعلی حکام نے شرکت کی۔پنڈال میں پی ٹی آئی کے کارکنان کی بڑی تعداد موجود تھی، جو مسلسل نعرے بازی کررہے تھے۔خیبرپختونخوا کے نومنتخب وزیراعلی سہیل آفریدی سے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے حلف لیا۔دریں اثناء پشاور ہائی کورٹ نے جمعیت علمائے اسلام(ف)کی وزیرِ اعلی خیبر پختونخوا کے انتخاب کو کالعدم قرار دینے کی درخواست خارج کر دی۔درخواست جے یو آئی (ف )کے رہنما مولانا لطف الرحمن کی جانب سے گزشتہ روز دائر کی گئی تھی جس میں سہیل آفریدی کے انتخاب کو کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی تھی‘ سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے نومنتخب وزیرِ اعلی خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کی عمران خان سے ملاقات کے لیے عدالت سے رجوع کیا جائے گا۔