مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہر جنین کے قریب اسرائیلی فوجی جیپ کی ٹکر سے موٹر سائیکل پر سوار دو فلسطینی شہری شدید زخمی ہوگئے، جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
فلسطینی خبر رساں ادارے وفا اور انادولو ایجنسی کے مطابق یہ واقعہ جنین کے مشرقی علاقے العلمانیا میں پیش آیا، جہاں اسرائیلی فوجی گاڑی نے موٹر سائیکل سوار دو فلسطینیوں کو کچل دیا۔فلسطینی ہلال احمر سوسائٹی کے مطابق زخمیوں کی عمریں 26 اور 36 سال ہیں۔ حادثے کے نتیجے میں دونوں افراد کے پاؤں کی ہڈیاں ٹوٹ گئیں اور انہیں شدید چوٹیں آئیں۔امدادی ٹیموں نے اطلاع ملتے ہی جائے وقوعہ پر پہنچ کر زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی۔ حکام کے مطابق ایک زخمی کے پاؤں کی ہڈی مکمل طور پر ٹوٹ گئی، جبکہ اس کے سر پر بھی چوٹ آئی ہے۔ دوسرے فلسطینی کے پاؤں میں بھی شدید فریکچر ہوا۔دونوں زخمیوں کو ایمبولینس کے ذریعے قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔