یوکرین کے صدر ولودیمیر زیلنسکی نے انکشاف کیا ہے کہ ابوظہبی میں روس کے ساتھ ہونے والے امن مذاکرات کے تازہ دور میں امریکی مذاکرات کاروں نے یوکرین کی نیٹو میں شمولیت کے بدلے مشرقی علاقے دونباس سے دستبرداری کے امکان پر سوال اٹھایا ہے۔
یوکرینی صدارتی دفتر کی جانب سے ہفتے کے روز جاری بیان کے مطابق زیلنسکی نے بتایا کہ مذاکرات کے دوران پہلی مرتبہ نیٹو کی رکنیت اور یوکرین کی علاقائی حدود سے متعلق ممکنہ رعایتوں کو ایک ساتھ زیرِ بحث لایا گیا۔زیلنسکی کا کہنا تھا کہ امریکی مذاکرات کاروں نے سوال کیا کہ اگر یوکرین کو نیٹو کی رکنیت مل جائے تو کیا وہ دونباس کے علاقے سے اپنی افواج پیچھے ہٹانے پر آمادہ ہوگا؟ ان کے مطابق اس سوال سے ظاہر ہوتا ہے کہ یوکرین کی نیٹو میں شمولیت کا معاملہ ایک مرتبہ پھر امن مذاکرات کے ایجنڈے میں شامل ہوگیا ہے۔یوکرینی صدر نے واضح کیا کہ ان کا ملک اپنے علاقے سے دستبردار ہونے کے لیے تیار نہیں، تاہم انہوں نے عندیہ دیا کہ اگر کوئی جامع امن معاہدہ پیش کیا جاتا ہے تو اس پر غور کیا جاسکتا ہے۔ ان کے مطابق ایسے کسی بھی معاہدے میں یوکرین کے لیے مضبوط سکیورٹی ضمانتیں، ایک مستحکم اور مالی طور پر مضبوط فوج برقرار رکھنے کا حق اور جنگ سے متاثرہ علاقوں کی تعمیرِ نو کے لیے فنڈز شامل ہونا ضروری ہیں۔
زیلنسکی نے کہا کہ اگر ایسا قابلِ قبول معاہدہ سامنے آتا ہے تو وہ اس معاملے کو قومی ریفرنڈم کے ذریعے عوام کے سامنے رکھنے پر غور کرسکتے ہیں، کیونکہ ملک کی علاقائی سالمیت سے متعلق فیصلہ یوکرینی عوام کی رائے کے بغیر نہیں ہونا چاہیے۔یوکرینی صدر نے روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے مؤقف کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ نیٹو کی رکنیت کا معاملہ انتہائی پیچیدہ ہے۔ روس طویل عرصے سے یوکرین کی نیٹو میں شمولیت کی مخالفت کرتا رہا ہے اور پیوٹن 2022 میں یوکرین پر حملے کی وجوہات بیان کرتے ہوئے بھی اس معاملے کو اہم قرار دے چکے ہیں۔
دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے داماد اور خصوصی نمائندے جیرڈ کشنر نے ہفتے کے روز کہا کہ رواں ہفتے ہونے والے مذاکرات میں دونوں فریقوں نے اپنے اپنے مؤقف پر سختی سے قائم رہنے کا اظہار کیا، تاہم نجی گفتگو کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ جنگ کے خاتمے کے لیے عملی سمجھوتے کرنا ضروری ہوں گے۔