خلاف ورزیوں پر 11 ہزار 360 افراد کو 10 کروڑ روپے جرمانے، 1766 مقدمات درج،سخت کارروائی کا حکم
لاہور (کرائم رپورٹر) پنجاب پولیس کی جانب سے سموگ، فضائی آلودگی کی روک تھام اور ماحولیاتی تحفظ کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق رواں سال لاہور سمیت مختلف اضلاع میں سموگ کریک ڈاؤن کے دوران 1766 مقدمات درج کیے گئے اور 1241 قانون شکن افراد کو گرفتار کیا گیا، جبکہ 11 ہزار 360 افراد کو مجموعی طور پر 10 کروڑ روپے جرمانے عائد کیے گئے اور 4111 افراد کو وارننگ جاری کی گئی۔ کارروائیوں کے دوران زیادہ دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں سے متعلق 5824، صنعتی سرگرمیوں کی 184، فصلوں کی باقیات جلانے کی 811، اینٹوں کے بھٹوں کی 641 اور دیگر 153 خلاف ورزیاں رپورٹ ہوئیں۔ آئی جی پنجاب عبدالکریم نے شاہراہوں، صنعتی علاقوں، زرعی مقامات اور دیگر علاقوں میں انسدادِ سموگ کریک ڈاؤن مزید تیز کرنے کا حکم دیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ سموگ ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والے ذمہ داران کے خلاف زیرو ٹالرینس پالیسی کے تحت سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔